نئی دہلی، 2؍جون(ایس او نیوز؍ ایجنسی) مرکزی وزیر پرہلاد سنگھ پٹیل نے گزشتہ روزکہا کہ آبادی پر قابو پانے کیلئے جلد قانون لایا جائے گا-فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے مرکزی وزیر آئی سی اے آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آرگینک اسٹریس مینجمنٹ، بڑودہ میں غریب کلیان سمیلن میں شرکت کیلئے چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں تھے-جب صحافیوں کے ذریعہ آبادی کنٹرول قانون کے بارے میں پوچھا گیا تو پٹیل نے کہاکہ یہ جلد ہی لایا جائے گا، فکر نہ کریں -
انہوں نے چھتیس گڑھ میں حکمراں کانگریس پر بھی حملہ کیا، یہ دعویٰ کیا کہ وہ کچھ مرکزی اسکیموں کے تحت اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے-انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت جل جیون مشن کے تحت صرف 23 فیصد کام حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جب کہ اس کے تحت ہدف حاصل کرنے کا قومی اوسط50فیصد ہے- ریاست میں پانی کے ذرائع کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن مسئلہ انتظام کا ہے- اسی طرح، ریاست پی ایم آواس یوجنا کے تحت ہدف کو پورا نہیں کر سکی-اس سے پہلے، غریب کلیان سمیلن کے دوران مختلف مرکزی اسکیموں کے استفادہ کنندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، پٹیل نے گزشتہ آٹھ سالوں میں نریندر مودی حکومت کی مختلف کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خدمت، گڈ گورننس اور غریبوں کی بہبودی اس کا بنیادی مقصد ہے- مرکزی حکومت کایہ ایک منتر ہے۔